پی ایس ایل 6؛ شیڈول پر مزید اعتراضات سامنے آ گئے

کراچی(یواین پی)پی ایس ایل6 کے مجوزہ شیڈول پر مزید اعتراضات سامنے آ گئے جب کہ ایک اور فرنچائز نے اپنے متواتر دن کے میچز پرسوال اٹھا دیے۔پی ایس ایل 6 کا شیڈول فائنل کرنے کیلیے فرنچائزز اور پی سی بی کی اہم میٹنگ بدھ کو ہوگی،توقع ہے کہ اس میں تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی،بورڈ کی جانب سے 2 مجوزہ شیڈول ٹیموں کو بھیجے گئے تھے، وہ مشاورت کے بعداب حکام کو اپنی رائے دیں گی۔ذرائع نے بتایا کہ اب ایک اورٹیم نے بھی اپنے متواتر دن کے میچز پر اعتراض اٹھا دیا ہے، اس سے

قبل بھی ایک فرنچائز نے ایسا کیا تھا، پی سی بی کیلیے سب کو خوش رکھتے ہوئے شیڈول تیار کرنا بڑا دشوارہے، نئے فنانشل ماڈل وغیرہ پر ویسے تو ساری ٹیمیں ایک ہو کر بات کرتی ہیں مگر شیڈول کے معاملے میں سب کی ترجیح اپنا مفاد ہے،ایک شیڈول میں دن میں 2میچز کا تجویز کیا گیا ہے، دوسرے کے مطابق5 دن ایک جبکہ ہفتے اور اتوار کو 2مقابلے ہوں گے۔پی سی بی نے ابھی ایونٹ کے آغازکی تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا، گوکہ گذشتہ دنوں جون میں انعقاد کا اعلان سامنے آیا تھا لیکن اب فرنچائزز نے مئی کے اواخر میں آغاز پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے،ہوٹل، بائیو سیکیور ماحول اور غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل 6کو14میچز کے بعد ہی روک دیا گیا تھا، مجوزہ شیڈول میں فائنل اتوار 20 جون کو کرانے کا ارادہ ہے۔‎

اپنا تبصرہ بھیجیں