عثمان بزدار دور میں ہیپاٹائٹس ویکسین کی خریداری میں مبینہ بےضابطگیوں کا انکشاف

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے تحقیقات کی منظوری دے دی ہے، دستاویزات میں ہیپاٹائٹس کی15 لاکھ خوراکیں خرید کر30 لاکھ خوراکوں کا اندراج کیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے عثمان بزدار دور میں ہیپاٹائٹس ویکسین کی خریداری میں مبینہ بےضابطگیوں کی انکوائری کی منظوری دے دی ہے، دستاویزات میں ہیپاٹائٹس کی15 لاکھ خوراکیں خرید کر30 لاکھ خوراکوں کا اندراج کیا گیا، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی 30 لاکھ خوراکوں کی قیمت بھی ادا کی گئی ہے۔
سماء نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے منتخب وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے پی ٹی آئی کے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ہیپاٹائٹس ویکسین کی خریداری میں مبینہ بےضابطگیوں کی تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دستاویزات کے مطابق ہیپاٹائٹس کی 15 لاکھ خوراکیں خرید کر30 لاکھ خوراکوں کا اندراج کیا گیا، اسی طرح 15لاکھ خوراکیں خریدنے کی بجائے30 لاکھ خوراکوں کا آرڈر دیا گیا اور ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام نے 30 لاکھ خوراکوں کی قیمت بھی ادا کی جبکہ پروگرام مینجر نے ڈبل خوراکوں کی اجازت بھی طلب نہیں کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے تحقیقات کی منظوری د دیتے ہوئے ڈی جی انڈسٹریز کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی 60 روز میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی پابند ہوگی۔ دوسری جانب مون سون بارشیں، وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس کے تحت پمز سے ڈاکٹرز کی ٹیمیں بلوچستان کے آفت زدہ علاقوں میں اگلے 2 روز میں پہنچ جائیں گی۔
وزیرصحت نے بتایا کہ 30 ہزار سے زائد ویکسینز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے، بچوں کے لیے دست اسحال، ٹائیفائیڈ اور خسرہ سے بچائو کی ویکسین اگلے ایک روز میں پہنچ جائیں گی۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بخار، نزلہ، زکام اور آنکھوں کی بیماری سے بچاو کی دواں کی بڑی مقدار کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، اس مصیبت اور مشکل کی گھڑی میں ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں