وزیراعظم نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو اہم ٹاسک سونپ دیا

لاہور(بیورو رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ منہگائی کا سبب بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، قبضہ مافیا اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی موجودگی میں چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب پولیس نے ملاقات کی، جس میں صوبے میں انتظامی امور اور امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نے وزیراعظم کو قبضہ مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کاروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو عثمان بزدار، جواد رفیق اور انعام غنی نے قبضہ مافیا کیخلاف حکومت کے نئے ایکشن پلان سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرکے منہگائی کا سبب بننے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔قبضہ مافیا اورذخیرہ اندوزوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
اسی طرح وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایوان وزیرا علیٰ میں ملاقات کی۔ ون آن ون ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیر اعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو مہنگائی میں کمی کے اقدامات سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی ختم کر کے سہولت بازار اتھارٹی قائم کردی ہے، اتھارٹی صوبہ بھر میں400 سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی۔
سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائیں گے۔ کسان پلیٹ فارم پر کاشتکار اپنی اشیائ براہ راست فروخت کرسکیں گے۔ سہولت بازار اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور انتظامی ٹیم نے وزیراعظم کو بتایا کہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اور ہر تحصیل کی سطح تک بڑھایا جائے گا، یہ بازار سال کے 365 دن فنکشنل رہیں گے۔ بازاروں میں آٹا اور دیگراشیائ ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی، سستے سہولت بازاروں میں اشیائ ضروریہ سرکاری نرخوں پر ملیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں