عوام کے بائیکاٹ کا نتیجہ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے کی بڑی کمی

کراچی (بیورو رپورٹ) عوام کے بائیکاٹ کا نتیجہ، مرغی کے گوشت کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے کی بڑی کمی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے۔ بتایا گیا تھا کہ ملک کی تاریخ میں کبھی مرغی کے گوشت کی قیمت میں اس قدر ہوشربا اضافہ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ سب سے زیادہ اضافہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 500 روپے کی سطح بھی عبور کر گئی تھی۔
جبکہ لاہور اور دیگر شہروں میں برائلر گوشت کی قیمت 400 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔ پولٹری فارمرز کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ پیداوار میں کمی اور مرغیوں کی فیڈ کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے برائلر گوشت کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
جبکہ عوام نے یہ دعویٰ مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کا مصنوعی بحران پیدا کر کے برائلر گوشت کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد عوام نے مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جس کی وجہ سے مارکیٹ میں چند ہی روز میں مرغی کی طلب میں زبردست کمی ہوئی۔ طلب میں کمی کی وجہ سے چند ہی روز میں مرغی کی قیمت میں زبردست کمی آئی ہے۔ کراچی میں طلب کی کمی کی وجہ سے برائلر گوشت کی قیمت ڈیڑھ سو روپے کی کمی سے 500 روپے سے کم ہو کر 350 روپے کی سطح تک آگئی ہے۔
جبکہ لاہور سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی برائلر گوشت کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ لاہور اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں اس وقت مرغی کے گوشت کی قیمت 270 سے 280 روپے کے درمیان ہے۔ جبکہ زندہ مرغی کی قیمت 183 روپے سے 191 روپے فی کلو کے درمیان چل رہی ہے۔ مرغی کے گوشت کے علاوہ فارمی انڈوں کی فی درجن قیمت 166 روپے پر مستحکم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں