جماعت اسلامی کا 12 اگست سے عوامی احتجاج شروع کرنے کا اعلان

لاہور: (نیوز ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ 12 اگست سے عوامی احتجاج شروع ہوگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ 22 کروڑ عوام اپنے مسائل کے حوالے سے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ پی ڈی ایم حکومت کس طرح قائم ہوئی سب کو معلوم ہے۔ ان کے غلط فیصلوں کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے، حکومتی اتحاد ناکام ہوگیا ہے۔ 12 اگست کو عوام کی خاطر احتجاج شروع کر رہے ہیں، ملک بھر میں عوام کو متحرک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں جھوٹ بولنا ایک فن ہے۔ ان کی تمام تر لڑائیاں مفادات کے لیے ہیں۔ بیورو کریسی اور حکومت کےغلط فیصلوں کا سارا بوجھ عوام پر ہے۔ حکومت 22 کروڑ عوام کا پسینہ نچوڑ رہی ہے اور ان سے تاوان وصول کر رہی ہے۔ حکومت عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھا کر ہر پاکستانی کے گلے کو دبانا چاہتی ہے۔ عوام کو اپنے حق اور ظلم کے خلاف اٹھنے کی ضرورت ہے۔ ہم ان کے ظلم کے خلاف عدالتوں اور چوک چوراہوں پر جائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ آج ہر شخص بجلی کی وجہ سے مشکل میں ہے، گزشتہ حکومتوں نے غلط فیصلے کیے۔ عام آدمی کو معلوم ہی نہیں کہ حکومت کس کس طرح لوٹتی ہے۔ ٹی وی ٹیکس، ایکسائز ڈیوٹی، انکم ٹیکس، فیول سرچارج، جی ایس ٹی ودیگر ٹیکسز بجلی کے بلوں میں لیے جاتے ہیں۔ ہر پاکستانی آج جو بل ادا کرتا ہے اس میں 60 فیصد ٹیکس،40 فیصد بجلی بل ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی پر جتنے بھی ٹیکسز ہیں سب کو فوری طور پر ختم کیا جائے ورنہ 12 اگست کو ہم عدالت سے رجوع کریں گے۔ ہمارا حکومت سے یہ بھی مطالبہ ہے کہ بجلی کی تمام سپلائی کمپنیاں ختم کی جائیں اور ملک بھر میں بجلی کی سپلائی اور یونٹ کا ریٹ یکساں کیا جائے۔ ایک ڈرائیور کی تنخواہ 23 ہزار روپے اور بجلی کا بل پونے 11 ہزار روپے آرہا ہے، وہ کیسے یہ بل ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں