نوعمر لڑکے سے زیادتی کے جرم میں پیپلزپارٹی کے رہنما کیخلاف مقدمہ درج

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی میں کم سن بچے کے ساتھ زیادتی کا ہولناک واقعہ، نو عمر لڑکے سے زیادتی کے جرم میں پیپلز پارٹی کے رہنما کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما شیراز کیانی کی نازیبا ویڈیو گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، جس میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ شیراز کیانی ایک کم سن بچے کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔زیادتی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے شیراز کیانی کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، تاہم ابھی تک گرفتاری کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما شیراز کیانی کے خلاف تھانہ وارث خان میں 377 کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے نوعمر لڑکے سے زیادتی کی ویڈیو سے معاشرے میں بے چینی، عدم تحفظ اور غصہ پایا جاتا ہے جس کے باعث مقدمہ درج کیا۔خیال رہے کہ پاکستان میں کم سن بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں نمایاں بڑھوتری دیکھنے میں آئی ہے، حکومت اِس حوالے سے کوئی موثر کارروائی کرنے میں ناکام ٹھہری ہے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں، ایسے میں سیاسی پارٹی کے رہنما کی جانب سے کسی بچے کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی افسوسناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں