ملکی ایکسپورٹس میں اضافے کو بریک لگ گئی

رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ایکسپورٹس کا حجم 20 فیصد سے زائد کم ہو گیا

لاہور(کامرس ڈیسک) ملکی ایکسپورٹس میں اضافے کو بریک لگ گئی، رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ایکسپورٹس کا حجم 20 فیصد سے زائد کم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز پر پہلے ماہ یعنی جولائی 2022 میں پاکستان کی ایکسپورٹس کو زبردست دھچکا پہنچا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ توانائی بحران اور بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان کی مسلسل بڑھتی ایکسپورٹس کو بریک لگ گئی ہے۔
جولائی 2022 میں پاکستان کی ایکسپورٹس 20 فیصد سے زائد کمی سے 2 ارب 32 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں۔ اس سے قبل گزشتہ مالی سال کے آخری ماہ یعنی جون 2022 میں ملکی ایکسپورٹس 2 ارب 91 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایکسپورٹس کے علاوہ امپورٹس کے حجم میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے، جولائی 2022 میں ملکی امپورٹس 38 فیصد کمی سے 4 ارب 91 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہیں، اس سے قبل گزشتہ مالی سال کے آخری ماہ یعنی جون 2022 میں ملکی امپورٹس 7 ارب 88 کروڑ ڈالر رہی تھیں۔

یوں رواں مالی سال کے پہلے ماہ یعنی جولائی میں تجارتی خسارہ 48 فیصد کمی سے 2 ارب 58 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا۔ دوسری جانب ایف بی آر نے بھی جولائی 2022 میں اکٹھے کیے گئے محصولات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق جولائی میں محصولات کا ہدف 443 ارب روپے تھا لیکن ادارے نے 15 ارب روپے زیادہ یعنی 458 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے۔ رواں سال جولائی میں ادا کیے گئے ریفنڈز کی رقم 28 ارب روپے تھی جبکہ گزشتہ سال جولائی میں 21 ارب روپے ریفنڈز کیے گئے تھے۔
ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق ٹیکس محصولات میں اضافہ فنانس ایکٹ 2022 میں متعارف اقدامات کا نتیجہ ہے، محصولات میں مقامی ٹیکسوں کی شرح 55 فیصد جبکہ درآمدی ٹیکس کی شرح 45 فیصد رہی، مقامی ٹیکسوں میں بڑھوتری کی شرح تقریباَ 31 فیصد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں