کراچی : 4 مسلح ملزمان نے بینک لوٹ لیا ، فرار ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

کراچی (بیورو رپورٹ) شہر قائد میں نیو کراچی کے علاقے دو منٹ چورنگی کے قریب 4 مسلح ملزمان نے بینک لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق 4 مسلح ملزمان بینک سے لاکھوں کی نقدی لے کر فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے ، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح ملزمان نے بینک سے تقریباً 10 لاکھ کی رقم لوٹی ہے ، جب کہ واردات کے بعد ان کے فرار ہونے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے شلوار قمیض پہن رکھا ہے ، جنہیں جائے وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے بھی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ ملزمان نے مزاحمت پر بینک کے سکیورٹی گارڈ کو زخمی بھی کیا۔
چند روز قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے چمکنی میں بینک میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکووَں کی فائرنگ سے بینک مینجر جاں بحق اور کیشئر زخمی ہوگیا تھا ، اس واردات میں موٹر سائیکل سوار 4 ڈاکو لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ کر فرار ہوتے ہوئے ڈاکو سیکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی چھین کر لےگئے جب کہ الارم بجانے پر ڈاکووَں نے بینک مینجر پر فائرنگ کی ، جس کے نتیجے میں بینک منیجر جاں بحق اور کیشئر زخمی ہوگیا۔
ایسے ہی ایک اور واقعے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیشنل بینک کے مینجر کو قتل کر دیا گیا ، ملزمان واردات کے بعد فرار ہو گئے ، یہ واقعہ تھانہ کورال کی حدود میں پیش آیا جہاں سید رضا نقوی نیشنل بینک کے سیلز مینجر صبح اپنے آفس کے باہر پہنچے تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ، قتل کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کو شناخت بھی کرلیا گیا ، جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
اس واقعے کے حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ لگتا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کی وجہ سے پیش آیا تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش کی جائے گی۔ ایک اور واقعے میں اسلام آباد میں ڈی آئی جی ٹریننگ کراچی ناصر آفتاب کا گھر بھی محفوظ نہ رہا ، ڈاکو تھانہ رمنا کے سیکٹر جی ٹین میں ان کے گھر سے گولڈ میڈل اور دیگر قیمتی اشیا لے کر فرار ہو گئے ، جی الیون فور میں ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر30 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات ، پاو ¿نڈز اور موبائل فون لے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں