ایوان کی کارروائی کسی جگہ چیلنج نہیں ہوسکتی، صادق سنجرانی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا سینیٹ الیکشن اور ایوان سے متعلق کہنا ہے کہ میرا مشورہ ہے کہ ایوان کی کارروائی کو عدالت میں نہ لے جائیں، ایوان کی کارروائی کسی جگہ چیلنج نہیں ہوسکتی۔

نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی کی جانب سے مزار قائد پر حاضری دی گئی۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس دوران چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی جانب سے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے گئے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کو قائد اعظم کی جدوجہد سے سیکھنا چاہیے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ چیئرمین منتخب کرنے پر پورے ایوان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کسی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتا، ہم مسائل سنتے ہیں اور حل کرتےہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حلف لے کر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے کی بات غلط ہے، اگر میں کوئی وعدہ کرتا تو ضرور پورا کرتا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو حق ہے کہ جو چاہے کرے، میرا مشورہ ہے کہ ایوان کی کارروائی کو عدالت میں نہ لےجائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب نے 2018ء میں میری سپورٹ کی، عمران خان نے مہربانی کی اور دوبارہ نامزد کیا، ملک کی بہتری کے لیے سب کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کروں گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے لوگ آتے ہیں تو کہتا ہوں کہ احساس محرومی ایسے ہی ختم ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں