115

مریم نواز کی بیان بازی کا مقصد تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا ہے، نیب لاہور

قومی احتساب بیورو (نیب) کی کسی سیاسی پارٹی سے کسی قسم کی کوئی وابستگی نہیں، مریم نواز کی بیان بازی کا مقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے بیانات پر نیب لاہور کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کیخلاف چوہدری شوگرملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں۔

نیب، عدلیہ اور لاء اینڈ آرڈر سے متعلقہ اداروں کیخلاف بغاوت سے لبریز بیان بازی کی جاتی رہی، بیان بازی کا مقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رخنہ ڈالنا تھا۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ بیان بازی کا مقصد نقصِ امن کی صورتحال کو تقویت دینا بھی رہا ،مریم نواز مبینہ طور پر اپنے خلاف جاری تحقیقات سے باقاعدہ روگردانی کرنے کی کوشش کرتی رہیں ۔

قومی اداروں کو ایک دوسرے کے مدِ مقابل لا کھڑا کرنے کی فضا قائم کرنے کی سعی کی جاتی رہی،مریم نواز نے مبینہ طور پر عوام میں اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے لاء اینڈ آرڈر کو چیلنج کیا۔

نیب لاہور نے کہا ہے کہ گزشتہ سال اگست میں نیب لاہور میں پیشی کے وقت قومی ادارے کا تقدس پامال کیا گیا، منصوبہ بندی کے تحت پتھراؤ کروایا گیا، سیکیورٹی اداروں کو بھی چیلنج کیا گیا،واقعے کی ایف آئی آر متعلقہ تھانہ چوہنگ میں درج ہے ۔

مریم نواز کی سیاسی مصروفیات کے باعث انہیں کچھ وقت کیلئے طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم اس کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا اور مستقل طور پر احتساب کے عمل کو چیلنج کیا جاتا رہا۔

نیب لاہور نے کہا کہ اس دوران معزز عدالتوں اور ان کے صادر فیصلوں کا مذاق اڑانے کی کوشش بھی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں