وزیراعلیٰ پنجاب کا رمضان پیکیج، چینی و دیگر اشیا 2018ء کے ریٹ پر دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا رمضان پیکیج، چینی و دیگر اشیا 2018ء کے ریٹ پر دینے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے کے عوا م کو ریلیف دینے کے لیے 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کردیا۔

عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ 7 ارب کے رمضان پیکیج کے تحت صوبے بھر میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازاروں میں مارکیٹ پرائس سے 120 روپے سستا ملے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے میں دستیاب ہوگا، صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت تقریباً 3 ارب 50 کروڑ روپے سبسڈی دے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،خریدارو ں کی زندگیو ں کے تحفظ کے لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہو گا۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی، جن پر پھل اور سبزیاں 2018ء کے ریٹ کے مطابق صارفین کو دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان رمضان بازاروں میں دال چنا، بیسن، کھجور اور دیگر اشیاء ضروریہ بھی 2018ء کے نرخوں پر ملیں گی، ان بازاروں میں چینی 60 روپے کلو میں دستیاب ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ سے 10 سے 15 روپے کم قیمت پر رمضان بازاروں میں ملیں گے۔

انہوں نے ماہ رمضان میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی اور کہاکہ عوام کو مستقل بنیاد وں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے رمضان بازاروں کے حوالے سے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کی اور کہا کہ سہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلاؤں گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے انتظامات میں خصوصی بچت اور کفایت شعاری کی جائے اور ان بازاروں کے انتظامات میں کم سے کم اخراجات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ انتظامی اخراجات سے بچائی گئی رقم کو عوام مزید ریلیف دینے کےلیے خرچ کیا جائے، حکومت کا عزم ہے کہ غریب آدمی کو ہر صورت میں معاشی ریلیف دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ رمضان بازار کا آغاز 25 شعبان سے کیا جائے، میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ صوبائی وزراء اور سیکرٹریز بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مشن میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں