حکومت کا بشریٰ بی بی پر اداروں کے خلاف مہم چلانے کا الزام

بشریٰ بی بی نے کرپشن چھپانے کے لیے بیرونی سازش کا بیانیہ گھڑا ‘ جھوٹے بیانیہ کے چیمپین امریکہ سے معافیاں مانگتے اور منتیں کرتے پکڑے گئے‘ فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بشریٰ بی بی کے جھوٹے بیانیے کی تصدیق کردی۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا بیان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) حکومت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر اداروں کے خلاف مہم چلانے کا الزام لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف مہم بشریٰ بی بی چلا رہی ہیں اور انہوں نے کرپشن چھپانے کے لیے بیرونی سازش کا بیانیہ گھڑا ، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے تسلیم کر لیا کہ آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو غداری کے ساتھ لنک کرنا بشریٰ بی بی کی رائے ہے ، فواد چوہدری اور شیریں مزاری نے بشریٰ بی بی کے جھوٹے بیانیے کی تصدیق کردی ہے ، جھوٹے بیانیہ کے چیمپین امریکہ سے معافیاں مانگتے اور منتیں کرتے پکڑے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو کا فرانزک کروایا جائے ، پی ٹی آئی عدالت میں درخواست دے آڈیو کی تھرڈ پارٹی سے فرانزک کروا لیتے ہیں ، اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے ڈونلڈ لو کے ساتھ رابطوں کی تصدیق بھی ہو جائے گی عمران خان کے لوگ امریکہ سے معافی تلافی کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان سے اقتدار چھن گیا ہے اس لیے وہ اداروں پر حملہ آور ہیں، ہم نے ماضی میں تنقید کی مگر کبھی اداروں کی ساکھ پر حملہ نہیں کیا ، عمران خان جب تک اقتدار میں تھے تب ان کو ہر چیز اچھی لگتی تھی، عمران خان کو اداروں پر الزامات لگاتے ہوئے شرم آنی چاہیے ، اگر آرٹیکل 6 کے لوازمات پورے ہوتے ہیں تو عمران خان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی کافی مہینوں سے ہمارے ساتھ رابطے میں تھے، عمران خان کو ضمنی انتخابات میں اپنی شکست نظر آرہی ہے ، عمران خان کے چہرے کا بہروپ تار تار ہو رہا ہے ، عمران خان صبر کر یں، انتخابات2023 میں ہی ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں