وزیراعظم کی کارخانوں کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ پالیسی پر نظر ثانی کی ہدایت

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ترقی اور صنعتی مسائل کے حل کا عزم کرتے ہوئے کارخانوں کیلئے گیس لوڈ شیڈنگ پالیسی پر نظر ثانی کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس فراہمی سے ہی برآمدات کی پیداواری ترسیل یقینی بنائی جا سکے گی، ملک کو معاشی طور پر غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، صنعتوں کے مسائل کے فوری حل میں ہی معاشی بقا پوشیدہ ہے۔

انہوں نے بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو ہدایت کی کہ متعلقہ وزرا کو اپنے مسائل سے فوری آگاہ کریں تا کہ کارخانوں کو گیس کی فراہمی میں درپیش رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جا سکے۔

اجلاس میں وزیر توانائی خرم دستگیر، وزیر بورڈ آف انوسٹمنٹ سالک حسین، وزیر تجارت سید نوید قمر ، وزیر صنعت سید مرتضی محمود، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک، صوبائی وزیر قانون ملک احمد خان، متعلقہ وزارتوں کے اعلی افسران اور صنعتکاروں نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں