وزیراعظم کی امریکی عوام اور حکومت کو یومِ آزادی کی مبارک باد

میری حکومت بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ قائم کرنے کی منتظر ہے۔ شہباز شریف کا ٹویٹ

اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی عوام اور حکومت کو ان کے ملک کے یومِ آزادی کی مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امریکہ کے عوام اور حکومت کو ان کے یوم آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرنا میرے لیے خوشی کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس کے لیے میری حکومت بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ ہر سطح پر رابطہ قائم کرنے کی منتظر ہے۔

ادھر امریکی حکام کی جانب سے امریکا جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے ، امریکی ویزا رکھنے والے وہ پاکستانی جنہیں انٹرویو کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہے ان کیلئے اس سہولت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے ، یہ سہولت امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور امریکی قونصل خانہ کراچی میں دستیاب ہو گی ، امریکی بی ون بی ٹو ویزا کے حامل 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری انٹرویو کی شرط سے استثنیٰ کی سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں ، وہ پاکستانی جن کا بی ون بی ٹو ویزا گزشتہ 48 مہینوں میں ختم ہو چکا وہ بھی اس سہولت کیلئے اہل ہیں۔

امریکی سفارتخانہ کے بیان کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی شہریوں کے سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے عمل میں بھی تیزی واقع ہوگی جب کہ یہ وضاحت بھی کی گئی ہے کہ امریکی ویزا رکھنے والے بعض اہل شہریوں کو امریکی قانون کے تقاضوں کے تحت امریکی سفارتخانہ یا قونصل خانہ میں انٹرویو کے لیے پیش ہونا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں امریکی انتظامیہ نے امریکا آنے والوں کیلئےانٹرویو کی شرط ختم کر کے ویزوں کے جلد اجرا کا ‏فیصلہ کیا تھا ، اس وقت اعلان کیا گیا تھا کہ 2022 سے امریکی قونصلرز امریکا آنے کے خواہش مند افراد کو بغیر انٹرویوز ویزے ‏جاری کرسکیں گے ، امریکی حکام نے ویزوں کے ان اقسام کی فہرست بھی جاری کی تھی، جن کے حصول کیلئے انٹرویو کی شرط ختم کر دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں