عوام کو مہنگی بجلی کا ایک اور جھٹکا ‘ فی یونٹ تقریباً 8 روپے اضافے کی منظوری

بجلی کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک میں بجلی کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی ، بجلی کی قیمت میں اضافہ مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے کی مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست پر سماعت ہوئی ، چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت دیگر ممبران کی موجودگی میں سماعت کی گئی ، جہاں سی پی پی اے جی نے ایف سی اے کی مد میں 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی ، تاہم دوران سماعت نیپرا نے کہا کہ ڈیٹا کی ابتدائی جانچ پڑتال کے تحت 7 روپے 90 پیسےفی یونٹ بنتا ہے ، جس کے ساتھ ہی بجلی 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
نیپرا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مئی کا ایف سی اے اپریل کی نسبت 3 روپے 91 پیسے فی یونٹ جولائی میں زیادہ چارج کیا جائے گا ، بجلی کی قیمت میں اضافےکا اطلاق بھی صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا ، اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہو گا ، بجلی کی قیمت میں اضافےکا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہو گا جب کہ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

ادھر ملک میں آئندہ ماہ سے مرحلہ وار مہنگی ہونے والی بجلی کی فی یونٹ نئی قیمت بتادی گئی ، یکم جولائی سے یکم اکتوبر تک بجلی کا ایک یونٹ 16.91روپے سے بڑھ کر 24 روپے 82 پیسے کا ہو جائے گا ، ماہانہ 200 یونٹ یا اس سےکم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر اس اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔جیو نیوز کی رپورٹ میں ذرائع پاور ڈویژن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے فی یونٹ بجلی 3 روپے 50 پیسے مہنگی ہو گی ، جس کے نتیجے میں یکم جولائی سے بجلی کا ایک یونٹ 16.91 روپے سے مہنگا ہو کر 20.41 روپے کا ہوجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں