نعمان لنگڑیال کا چوہدری پرویز الٰہی پر 10 کروڑ روپے کی پیشکش کا الزام

چوہدری پرویز الہٰی نے واپس آنے کا کہا لیکن ہم ڈٹے رہے‘ سلام پیش کرتا ہوں ان ساتھیوں کو جنہوں نے پیسے کو لات ماری اور جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے رہے۔ سابق پی ٹی آئی رکن کا کارکن میٹنگ سے خطاب

ساہیوال ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء نعمان لنگڑیال نے الزام عائد کیا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کی طرف سے پی ٹی آئی میں واپسی کیلئے 10 کروڑ کی آفر کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے واپس آنے کا کہا لیکن ہم ڈٹے رہے ، سلام پیش کرتا ہوں ان ساتھیوں کو جو جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے رہے ، وہ محب وطن تھے جنہوں نے پیسے کو لات ماری اور جہانگیر ترین کے ساتھ کھڑے رہے ، میرے پاس تو وزارت بھی تھی لیکن پی ٹی آئی والوں کی جرات نہیں تھی کہ مجھے وزارت سے ہٹا سکتے۔

ادھر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے صوبے میں ضمنی الیکشن کے دوران دھاندلی اور پولیس کے استعمال پر سخت عوامی ردعمل کی وارننگ دے دی ، انہوں نے یہ بات مسلم لیگ ق کے رہنماء اور سپیکر پنجاب اسمبلی سے ق لیگ راولپنڈی کے صدرزبیر خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے کہی ، اس ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ پارٹی رہنماء تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھر پور مہم چلائیں ، تجربہ کاری کا دعویٰ کرنے والے عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں ، موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں ، معشیت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کے لیے تیار رہنے کا کہا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے روز نیا ٹیکس لگا دیا جاتا ہے، بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دو ر ہوچکی ہیں ، پنجاب کی جعلی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استعمال کر رہی ہے ، 17 جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں