تھانا غربی میں مبینہ پولیس تشدد سے 14 سالہ طالبعلم جاں بحق

پشاور: تھانا غربی میں مبینہ پولیس تشدد سے 14 سال کا طالبعلم جاں بحق
فائل فوٹو

پشاور کے تھانہ غربی میں مبینہ پولیس تشدد سے 14 سال کا طالبعلم جاں بحق ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکے کو اسلحہ تاننے پر گرفتار کیا گیا، اس نے حوالا ت میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔

لڑکے کے والد خیال اکبر کا پولیس پر الزام لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو حوالات میں تشدد کر کے مارا گیا، میرا بچہ نجی پبلک اسکول میں ساتویں جماعت کا طالب علم تھا اور کل اس کا ریاضی کا پرچہ تھا۔

والد نے کہا کہ تھانے سے دوپہر 2 بجے فون آیا کہ بیٹا لاک اپ میں ہے تھانے آجائیں، تھانے میں تین گھنٹے انتظار کے بعد مجھے بتایا گیا کہ بیٹے نے خودکشی کرلی۔

خیال اکبر کا کہنا ہے کہ ہم سفید سنگ ملازئی کے رہائشی ہیں اور انصاف چاہتے ہیں۔

پولیس نے موقف دیا کہ شاہ زیب نامی لڑکے کو لیاقت بازار میں دکانداروں سے تلخ کلامی اور اسلحہ تاننے پر گرفتار کیا گیا تھا، شاہ زیب کے خلاف 15 اے اے کے تحت ایف آئی آر درج کی، جس کے کچھ دیر بعد شاہ زیب نے حوالات کے اندر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں