24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ یوٹیلٹی اسٹورز اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

دالوں کی فی کلو قیمت میں 87 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ روز ہی بڑا اضافہ کیا گیا تھا

لاہور (نیوز ڈیسک) 24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ یوٹیلٹی اسٹورز اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، دالوں کی فی کلو قیمت میں 87 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ روز ہی بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز سے سستی اشیاء دستیاب ہونے کی امید رکھنے والے غریب طبقے کو زبردست دھچکا پہنچا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے 24 گھنٹوں کے دوران دوسری مرتبہ ملک بھر میں قائم یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تازہ ترین اضافہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں کیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب دالوں کی فی کلو قیمت میں 28 سے 87 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

نئی قیمتوں کے مطابق دال چنا کی قیمت میں 28 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد دال چنا کی قیمت 162 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

سفید چنے کی قیمت 87روپے فی کلواضافے کے بعد 213روپے سے 300روپے فی کلوہوگئی جب کہ دال مسور کی قیمت میں 55روپے کے بعد 215روپے سے بڑھ کر 270روپے فی کلوہوگئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈیش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں گزشتہ روز ہی بڑا اضافہ کیا گیا تھا، نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
جبکہ یاد رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیاب اشیاء کی قیمتوں میں ایسے وقت میں اضافہ کیا گیا ہے جب رواں ہفتے ہی وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلٹی اسٹورز پر پانچ بنیادی غذائی اشیا کو کم قیمتوں میں فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں