بجلی بچت مہم، پنجاب میں آج سے بازار، مارکیٹیں رات 9 بجے بند، ایس او پیز جاری

اسلام آباد / راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) پنجاب بھر میں بجلی بچت پلان پر عملدرآمد کے تحت آج سے رات 9 بجے بازار اور مارکیٹیں بند ہو جائیں گی، شادی ہالز رات 10، ریسٹورنٹ رات ساڑھے گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تجارتی مراکز، دکانوں، پارکس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے۔

لاہور میں مجموعی طور پر 63 مارکیٹس کو بجلی کی بچت کے لئے بند کیا جائے گا، پنجاب میں پہلے مرحلے میں یہ پابندی 2 ماہ کے لئے ہو گی، کمرشل فیڈرز پر آج رات 9 بجے کے بعد بجلی بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہفتے کے روز تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجر تنظیموں اور چیمبرز کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد کیا، عید کی شاپنگ کے لئے اوقات کار کی پالیسی کا تاجر برادری کی مشاورت سے جائزہ لیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق بیکریز،میڈیکل سٹورز، ایمبولینس سروس، طبی مراکز، پٹرول پمپس، بس اڈے، تندور اور دودھ دہی کی دکانوں پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں