جہلم میں کارکنان تیار رہیں،میں کل خود ریلی کی قیادت کروں گا:فواد چوہدری

تمام لیڈرشپ ،ایم پی ایز کل صبح ساڑھے10 بجے جادہ چوک پہنچیں،جہلم کے پل سےتمام رکاوٹیں ہٹا دیں گے،کشمیر، گوجرانوالہ اور جہلم کی ریلی لے کر اسلام آباد پہنچیں گے،رہنما تحریک انصاف فواد

اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم میں کارکنان تیار رہیں،میں کل خود ریلی کی قیادت کروں گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تمام لیڈرشپ ،ایم پی ایز کل صبح ساڑھے10 بجے جادہ چوک پہنچیں،جہلم کے پل سےتمام رکاوٹیں ہٹا دیں گے،کشمیر، گوجرانوالہ اور جہلم کی ریلی لے کر اسلام آباد پہنچیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے بزرجمہروں کا یہ حال ہے کہ آزادی مارچ کل ہے اور ان مہا عقلمندوں نے پورا ملک آج بند کر دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پشاور سے کراچی اور لاہور شہر مکمل بند کر دئیے گئے ہیں جی ٹی روڈاور موٹروے پر میلوں لمبی لائینیں لگ گئ ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اپنی ذمہ داری ادا کرے اور آئین کے آرٹیکل 14 اور 15 کے حقوق نافذ کریں۔رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کیلے عوام کو جتھا کہنا عوام کی توھین ہے، عوام کے بارے ایسی اصلاحات استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں۔ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی بار ایسوسی ایشنر بالخصوص لاہور بار، فیصل آباد بار، سرگودھا بار کا شکر گزار ہوں جنہوں نے فاشسٹ حکومت کی پنجاب میں غیر قانونی ایکشن کی مذمت کی انشاللہ جبر کا یہ موسم عارضی ہے عوام کی حکومت جلد طلوع ہو گی۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے ، پنجاب پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے کئی مقامی رہنما اور کارکنان گرفتار کر لیے گئے ، پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں کی گرفتاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیوں کی آمد کا دعویٰ کیا ہے ، ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میری گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیاں میرے گھر آئیں، ان گاڑیوں میں سفید کپڑوں میں پولیس اہلکار موجود تھے ، میں انشاء اللہ گھبرانے والا نہیں، گرفتار نہیں ہوں گا اور اپنے وقت کے مطابق اسلام آباد پہنچوں گا ، لال حویلی سے طے شدہ وقت کے مطابق 2 بجے نکلوں گا، اللّٰہ ہمیں کامیابی دے گا، اللّٰہ ہی کے پاس ساری طاقت ہے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ہم لانگ مارچ نہیں کرتے تو ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری آزادی ہمیشہ کے رک جائے گی، لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیرداخلہ کا کریمنل ریکارڈ ہے، انہو ں نے کہا ہم گرفتاریاں کریں گے، جہلم اور اٹک کے پُل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، 700پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان ہے، سوشل میڈیا پر حکومت خلاف بولنے والوں پر پرچے کیے گئے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کرنے کیلئے پراسس کو فالو کیا جائے۔
سابق وزیر نے کہا کہ لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جارہا ہے، نوجوانوں کو ایف آئی اے نے اٹھایا اور گرفتار کیا ،چینلز کو بلا کر کہا گیا کہ پالیسی تبدیل کریں لیکن عمران خان 25مئی کو بڑی ریلی کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے ،حکومت کو عقل کے ناخن لینے چاہئیں، وزیراطلاعات نے کونسلر کا بھی الیکشن نہیں لڑا، ان کی کیا حیثیت ہے کہ وہ بتائیں الیکشن ہونے چاہئیں یا نہیں؟یہ کام سینئر لیڈرشپ کا ہے، الیکشن کا معاملہ گیدڑ بھبھکیوں سے معاملہ حل نہیں ہوگا، پی ٹی آئی چھوٹی جماعت نہیں، اسلام آباد آنے کی کال پنجاب اور خیبرپختونخواہ کیلئے ہے، بلوچستان والے کوئٹہ،سندھ میں حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اورکراچی میں سب سے زیادہ لوگ نکلیں گے، جلسہ یا دھرنا دینے کا فیصلہ اسلام آباد میں کیا جائے گا،لانگ مارچ میں تما م طبقات کے لوگ شامل ہوں گے ، لاکھوں لوگوں کو نہیں روکا جاسکتا،روکنے سے تلخیاں بڑھیں گی، لانگ مارچ کو روکنے کا نقصان ہوگا، ن لیگ کی حکومت کو کہنا چاہتا ہوں کہ پارٹی میں مشاورت کریں کیونکہ آپ مینڈیٹ کے بغیر حکومت نہیں چلا سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں