پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف کامیڈین رنگیلا کی17ویں برسی 24مئی پیر کو منائی جائے گی

جہانیاں(شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف کامیڈین رنگیلا کی17ویں برسی 24مئی پیر کو منائی جائے گی ۔سعید خان المعروف رنگیلاکا تعلق پختون فیملی سے تھا وہ 1937ء کو افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں پیدا ہوئے اور بعد ا زاں افغانستان سے ہجرت کر کے پشاور اور پھر لاہور مقیم ہو گئے ۔رنگیلا پاکستان فلمی انڈسٹری کے ایک نمایاں اداکار،صداکار اور فلم ڈائیریکٹر رہے ہیں انہوں نے ساڑھے چھ سو سے زائد فلموں میں کام کیا اور مزاحیہ اداکاری کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔
رنگیلا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1958ء کو فلم ’’ جٹی ‘‘ سے کیا ۔انہوں نے متعدد فلموں میں گلوکاری بھی کی ۔رنگیلا کی منور ظریف کے ساتھ جوڑی فلم کی کامیابی کی علامت سمجھی جاتی تھی بعد میں انہوں نے فلم سٹار ننھا کے ساتھ بھی جوڑی بنائی رکھی ۔

رنگیلا کی معروف ترین فلموں میں ’’ منجھی کتھے ڈاہواں ، ہتھ جوڑی ،جگری یار،سنگدل،پگڑی سنبھال جٹا ،دوستی،ٹھاہ اور دیگر قابل ذکر ہیں۔رنگیلا نے فلم ’’ عورت راج اور دو رنگیلے ‘‘ میں بطور پلے بیک سنگر کا م کیا انہیں نگار ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے ۔رنگیلا نے تین شادیاں کیں اور ان کی 8بیٹیاں اور 6بیٹے ہیں ۔رنگیلا 24مئی 2005ء کو 68برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں