ہائی پروفائل مقدمات میں تقرریاں ، تبادلے روکنے کا حکم، سپریم کورٹ نے تاریخی اقدام کیا: فواد

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پہلی بار ملک میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ایک پائیدار اقدام اٹھایا گیا، سپریم کورٹ نے واضح کہا شہباز شریف اور دیگر کے مقدمات میں تفتیشی افسران کو تبدیل نہ کیا جائے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ہائی پروفائل مقدمات میں تقرریاں تبادلے روکنے کے حکم پر فواد چودھری نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آج ایک تاریخی اقدام کیا گیا۔ پہلی بار پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے ایک پائیدار قدم اٹھایا گیا۔ حکومت میں بڑے لوگوں کے خلاف مقدمات میں تفتیشی ٹیموں کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیسز کے ریکارڈز میں تبدیلی بھی کی جارہی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بینچ نے اس حوالے سے جو احکامات جاری کیے، وہ خوش آئند ہیں، سپریم کورٹ نے واضح کہا شہباز شریف اور دیگر کے مقدمات میں تفتیشی افسران کو تبدیل نہ کیا جائے۔ نیب اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کیے گئے کہ جو تبدیلیاں ہوئیں وہ کیسے اور کس قانون کے تحت ہوئیں۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مقدمات کے تمام تر ریکارڈ کو سیل کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے جج صاحبان کو بھی تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے معاملات کو شفاف طریقے سے لے کر چلیں، ان تمام اقدامات سے عوام کا اعتماد عدلیہ پر بڑھے گا، ایسے اقدامات سے پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی راہ ہموار ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں