عمران نیازی سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلا نے میں مصروف ہیں: حمزہ شہباز

سرگودھا:(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست کی آڑ میں انتشار پھیلانے میں مصروف ہیں، کبھی اداروں، کبھی دوست ممالک کو للکارا جا رہا ہے، یہ چار دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، عوام جلاؤ، گھیراؤ کرنے والوں کو سمندر میں غرق کر دیں گے، پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کردیا، روک سکو تو روک لو عوام کے دکھوں کا مداوا کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز شریف نے سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کے شیروں نے ہرمشکل وقت میں نواز،شہبازشریف سےوفا کا رشتہ نبھایا، ایک شخص نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا جھوٹ بولا، عمران نیازی نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا، ایک ہزار بھی نا بناسکا۔ پچھلے چارسالوں میں پاکستانی قوم کا خون چوسا گیا، عامر کیانی نے ادویات میں اربوں کمائے، عمران نیازی سیاست کی آڑمیں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، کبھی اداروں اور کبھی دوست ملکوں کو للکارتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سیاست میں نوازشریف، شہبازشریف کا مقابلہ کرو، اگر تم نے انتشار، جلاؤ، گھیراؤ کیا تو سرگودھا کی عوام تمہیں سمندرمیں غرق کردیں گے۔ صدرعارف علوی عمران کی نوکری زیادہ کر رہا ہے، ایک ماہ سے کابینہ نہیں بنی کوئی بات نہیں، عوام کے دکھوں کا مداوا کروں گا، پورے پنجاب میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 کا مل رہا تھا، 10کلوآٹے کے تھیلے کو490کا کردیا ہے۔ 10کلوآٹے کا تھیلا 160روپیہ سستا کیا ہے، چند دنوں میں چینی اورگھی بھی سستا ہو گا۔اس نے کسانوں سے کھاد چھین کر اپنے پیاروں کو نوازا، عمران نیازی تم سے انتقام نہیں لیں گے، عمران نیازی تم نے مزدوروں سے روٹی چھینی، عمران نیازی تم نے عوام کومہنگائی کی چکی میں پیسا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کہتا ہے شہبازشریف کوجیل میں ڈالوں گا، اب جیل کا پھاٹک عمران نیازی کے لیے کھلے گا، اس ملک کی معیشت سسیکیاں لے رہی ہے، کہتا تھا آئی ایم ایف سے قرض لیا تو خود کشی کر لوں گا، یہ آئی ایم ایف کے سامنے لیٹ گیا، صرف 4 سالوں میں عمران نیازی نے 20 ہزارارب قرض لیا، الیکشن آنے والا ہے، نوجوان، کسان، مزدورتم سے الیکشن میں حساب مانگیں گے۔ 2018ء کے الیکشن میں ہر جگہ دھاندلی ہوئی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ صدرعارف علوی جتنی آئین کی خلاف ورزی کرنی ہے کر لو، میں عوام میں نکل گیا ہوں تم میرا راستہ نہیں روک سکتے، کل اس نے کہا لانگ مارچ میں میرے ساتھ افواج پاکستان کے خاندان بھی جائیں گے، او بھائی! یہ فوج سب کی فوج ہے، شہدا کی ماؤں کو سلام پیش کرتے ہیں، اداروں کو بتانا چاہتا ہوں یہ شخص آئین کو نہیں مانتا، یہ یورپی یونین، چین کو ناراض کر رہا ہے، امریکا سپر پاورہے ہم اس سے برابری کے تعلقات چاہتے ہیں، یہ پاکستان کے خلاف سازش کے بیج بو رہا ہے، چارسال میں عمران نیازی کوئی ایک منصوبہ بتادے، پاکستان کوبدحال کر دیا، انقلاب کی باتیں کرتے ہو، عمران نیازی کس کودھمکیاں دیتے ہوتمہارے پلے کیا ہے، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ کا حساب دینا ہوگا، تمہیں بنی گالہ کے پہاڑ سے اتار کر عدالت میں پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ نہیں، جیل کے خوف کی وجہ سے مارچ ہے، عمران نیازی تم تین، چار دن بھی جیل نہیں رہ سکتے، پاکستان کا مستقبل نواز شریف، شہباز شریف کی قیادت میں روشن ہے، یہ وزارت اعلیٰ آنی جانی چیزہیں، اللہ نے موقع دیا توآپ کی خدمت کروں گا، وہ دن دورنہیں جب اسی پنڈال میں نوازشریف، شہبازشریف بھی ہونگے، عمران نیازی جب الیکشن کا میدان لگے گا، ایک طرف نوازشریف، دوسری طرف شہبازشریف دھاڑے گا توتمہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں