ہائی سپیڈ ڈیزل کی 3 لاکھ 63 ہزار 667، موٹر سپرٹ کی 3 لاکھ 63 ہزار210 میٹرک ٹن سیل ریکارڈ

کراچی: (کامرس ڈیسک) مئی 2022 کے پہلے پندرہ دنوں میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی 3 لاکھ 63 ہزار 667 میٹرک ٹن اور موٹر سپرٹ کی 3 لاکھ 63 ہزار210 میٹرک ٹن سیل ریکارڈ کی گئی۔

پاکستان کی ڈاؤن سٹریم آئل انڈسٹری کے نمائندہ ادارے، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور موٹر سپرٹ (ایم ایس) کے مئی 2022 کے پہلے پندرہ ایام کی فروخت کے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

چیئرمین آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل، وقار ارشاد صدیقی نے کہا ہے کہ ملک کا ڈاؤن سٹریم آئل سیکٹر ہمیشہ سے ہی ملک و قوم کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم رہا ہے اور یہ بات ان حقائق سے واضح ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قلت، روس اور یوکرین کے تنازعہ کے باعث تیل کی دستیابی و قیمت پر پڑنے والے اثرات، روپے کی قدر میں تیزی سے ہونے والی کمی کے باعث پی او ایل پراڈکٹس کے بلند ترین نرخوں اور محدود کریڈٹ کی سہولیات کے باوجود آئل سیکٹراپنے قومی فریضے کو مستقل بنیادوں پر انتھک محنت سے انجام دیتے ہوئے ملک کی خدمت میں ہمیشہ کوشاں رہا ہے۔

مئی 2022 کے پہلے پندرہ دنوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فصل کی کٹائی کے جاری موسم کی وجہ سے بڑھتی ہوئی طلب اور فیول کی قیمتوں میں اضافے پر مبنی قیاس آرائیوں کی وجہ سے وافِر مقدار میں کی جانے والی خریداری کے باوجود اپریل 2022 اور مئی 2022 کے پہلے پندرہ دنوں کی فروخت کے اعداد و شمار آئل کی صنعت کے عزم کو واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں جو اپنا کام بخوبی انجام دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب حکومت کی طرف سے پی ڈی سی کی بروقت ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود یہ تیل کی طلب کو پورا کرنے کے لئے مالی رکاوٹوں کی مد میں مسلسل درآمدات میں مشکلات حائل کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپریل 2022 کے مہینے میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی 919,442 میٹرک ٹن کی سب سے زیادہ فروخت جو گزشتہ سال کی اسی مدت (اپریل 2021) کے مقابلے میں 17% زیادہ تھی اور مئی 2022 کے پہلے پندرہ دنوں کی فروخت کے قابل تعریف اعداد وشمارکے ساتھ ڈاؤن سٹریم آئل انڈسٹری، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے متعلقہ مجاز حکام اور وزارتوں کے تعاون سے ملک کی ایندھن کی ضروریات کو مثبت انداز میں پورا کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں