عمران خان کا ملتان جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان

وکلاء جب تک کسی تحریک میں شامل نہیں ہوتے وہ کامیاب نہیں ہوتی‘ امریکی سازش کے تحت وجود میں آنے والی حکومت کے خلاف جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ دوں گا سب کو ساتھ دینا ہوگا ۔ چیئرمین پی ٹی ائی کا لاہور بار کی تقریب سے خطاب

لاہور ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ دوں گا ، سب نے ساتھ دینا ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق ایوان اقبال میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین اجتماع پر وکلاء کا مشکور ہوں ، پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک میں وکلاء میرا ساتھ دیں کیوں کہ وکلا جب تک کسی تحریک میں شامل نہیں ہوتے وہ کامیاب نہیں ہوتی ، تحریک آزادی بھی وکلاء نے کامیابی کرائی تھی ، اس لیے وکلا کو اسلام آبا د کےلیے دعوت دیتا ہوں ۔
عمران خان نے کہا کہ امریکی سازش کے تحت موجودہ حکومت وجود میں آئی ، اس کے خلاف جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ دوں گا جس میں سب کو ساتھ دینا ہوگا ، اس کے لیے مجھے اپنے وکیلوں کی بھی ضرورت ہے ، آپ نے اپنے بچوں کیلئے ملک کو آزاد بنانا ہے ، اللہ نے ہمیں زمین پر انصاف قائم کرنے کیلئے بھیجا ہے ، اس لیے میں سب کوا سلام آباد آنے کی دعوت دے رہا ہوں ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ غریبوں کو کیوں جیل میں ڈالتے ہیں ، جتنا کسی ملک میں رول آف لا کم ہوگا اتنی ہی غربت ہوگی ، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہوسکتا وزیر اعظم اپنے کیسز ختم کرائے ۔ قبل ازیں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مجرموں کے اس ٹولے نے میری ٹیم کے کیے گئے سارے عظیم کام پر پانی پھیر دیا ، امریکی حمایت یافتہ رجیم چینج سے قبل 6 فیصد شرح نمو کے قریب تھے لیکن سازشی ٹولے کی واحد ترجیح این آر او ٹو حاصل کرنا ہے جس کے لیے موجودہ حکومت نے میری ٹیم کے ہر کام کو ختم کردیا ۔
گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نے کوہاٹ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہبازشریف نے وزیراعظم بننے کے لیے بڑی محںت کی ، چیری بلاسم شہبازشریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا ، شہبازشریف نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی ، شہبازشریف کے پاس جوتے پالش کرنے کا فن ہے ، شہبازشریف فوجی اور امریکی بوٹ بہت اچھے پالش کرتا ہے لیکن اب یہ پھنس گئے ہیں ان کے پیچھے ٹائیگر ہے اور آگے سمندر ہے اس لیے امپورٹڈ حکومت خوفزدہ ہے ، یہ جدھر سے امپورٹ ہوئے ادھر سے قیمتیں بڑھانے کا حکم ملا ہے ، امپورٹڈ حکومت پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے لگی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں