چیئرمین سینیٹ کون؟ فیصلہ آج ہوگا

چیئرمین سینیٹ کون؟ فیصلہ آج ہوگا

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے حکومتی اور اپوزیشن امیدواروں کے درمیان بڑا اور کڑا مقابلہ آج اسلام آباد میں ہوگا۔

حکومت کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے صادق سنجرانی امیدوار ہیں جبکہ اپوزیشن اتحاد یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ہے۔

ڈپٹی چیئرمین کے عہدے کے لیے حکومت نے فاٹا سے سینیٹر مرزا محمد آفریدی کو نامزد کردیا۔ ان کا مقابلہ اپوزیشن امیدوار عبدالغفور حیدری سے ہوگا۔

مرزا آفریدی کے نام کا اعلان وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی اور اتحادی ارکان کے ظہرانے میں کیا۔

اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 ارکان کی اکثریت ہے جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس 47 ارکان ہیں۔

ادھر جماعت اسلامی نے کسی کو بھی ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار 3سال سے اپنی رکنیت کا حلف بھی نہیں اٹھا سکے۔ جی ڈی اے کے سینیٹر مظفر حسین شاہ نئے ارکان سے آج حلف لیں گے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔

نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز پی ڈی ایم امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس سینیٹ میں اکثریت ہے، پی ڈی ایم کے امیدواروں کی کامیابی یقینی ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور نومنتخب سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں کہ ون سائیڈڈ میچ ہوگا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ ہماری جیت اور اپوزیشن کی شکست ہوگی۔

اسلام آباد میں سینیٹ کی جنرل نشست پر شکست کھانے کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب سے متعلق کہا تھا کہ جیت کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں