میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتا، مجھے تو پی ٹی آئی والوں نے پھنسا دیا،

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جب یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی تو کہا کہ میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتا، مجھے تو پی ٹی آئی والوں نے پھنسا دیا۔تفصیلات کے مطابق یوسف رضا گیلانی کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی نے ان سے ملاقات کی تھی اور سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
اسی ملاقات کے حوالے سے اب پیپلز پارٹی رہنما نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صادق سنجرانی الیکشن لڑنے کے لیے پر اعتماد نہیں ہیں وہ کہتے ہیں کہ میں یوسف رضا گیلانی کے مد مقابل نہیں آنا چاہتا۔صادق سنجرانی نے یوسف رضا گیلانی سے کہا میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتا، مجھ پر تو ذمہ داری تھوپی گئی ہے،مجھے ہروانے کے لیے لڑایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں الیکشن نہیں لڑنا چاہتا، مجھے تو پی ٹی آئی والوں نے پھنسا دیا۔
۔واضح رہے کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب اہم مرحلہ ہے ، شیڈول کے مطابق 12مارچ کو دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا جب کہ ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو جائے گی ، جس کے بعد 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں نو منتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے اور 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ہو گا۔
یاد رہے کہ سینیٹ کی کل 48 نشستوں کے الیکشن کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ میں حکمراں جماعت تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے ، تحریک انصاف نے 18 نئی نشستیں حاصل کر کے کل 28 نشستیں حاصل کر لیں جب کہ پیپلز پارٹی نے 8 نئی اور کل 21 ، مسلم لیگ ن نے 5 نئی اور کل 18 نشستیں حاصل کی ہیں ، بی اے پی کو 6 نئی اور کل 12 نشستیں ملی ہیں۔
اس کے علاوہ ایم کیو ایم پاکستان کو بھی کل 3 نشستیں مل چکیں، مسلم لیگ ق نے ایک نشست حاصل کی ہے ، آزاد امیدوار بھی اب تک 6 نشستیں حاصل کر چکے تاہم تحریک انصاف سینیٹ کی سب سے بڑی جماعت بننے کے باوجود ایوان میں اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی ، تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کی سینیٹ میں اپوزیشن کی کل نشستوں سے 6 نشستیں کم ہیں تاہم اس میں سے بھی حکومتی اتحاد کا ایک ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا کیونکہ ایک نومنتخب سینیٹر عدت میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں