67

کراچی ٹارگٹ کلنگMQM لندن کی خاتون لیڈ کرتی ہیں، رینجرز

کراچی ٹارگٹ کلنگMQM لندن کی خاتون ان ڈائریکٹ ہیڈ کرتی ہیں، رینجرز

محکمہ انسداد دہشت گردی اور سندھ رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کی رکن کہکشاں حیدر کی مبینہ ٹارگٹ کلر سے گفتگو میڈیا کے سامنے پیش کر دی، امریکا میں مقیم کہکشاں حیدر نے ٹارگٹ کلنگ کی واضح ہدایات دیں۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ایس ایس پی عارف عزیز اور سندھ رینجرز کے کرنل شبیر نے کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں بتایا گیا کہ امریکا میں مقیم ایم کیو ایم لندن کی کہکشاں حیدر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ٹیم کو ان ڈائریکٹ ہیڈ کر رہی ہیں۔

سندھ رینجرز کے کرنل شبیر نے بتایا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلرز کام کر رہے ہیں ان کو یہ خاتون لیڈ کررہی ہیں، کہکشاں حیدر پر پہلے ہی ایک مقدمہ درج ہے۔

کرنل شبیر نے بتایا کہ کہکشاں حیدر بیرون ملک بیٹھ کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں، ہمیں آپریشن میں یہ معلوم ہوا کہ واردات ہوتی ہے اور بینک میں رقم منتقل ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رینجرز نے جن کو گرفتار کیا تھا ان کو عمر قید کی سزا مل چکی ہے، وہ لوگ بھی کہکشاں نامی خاتون کا نام لے چکے تھے۔

میڈیا بریفنگ میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ کراچی کی  ٹارگٹ کلنگ میں امریکا میں مقیم ایم کیو ایم لندن کی کہکشاں حیدر مرکزی کردار نکلی ہیں۔

عمر شاہد کا کہنا تھا کہ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے ایک مشترکہ آپریشن کیا ہے،  2017 ء میں رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کی ٹارگٹ کلرز کی ٹیم پکڑی تھی،ایم کیو ایم لندن کا ہمیشہ سے کراچی میں دہشت گردی پھیلانے کا مقصد رہا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کی کوشش رہتی ہے کہ کراچی میں ایک بار پھر قدم جمائے، ٹیم جب جیل گئی تو ان کی معلومات پرانٹیلی جنس آپریشن کیا جاتا رہا اور یہ بات سامنے آئی کہ امریکا سے کہکشاں نامی خاتون ایک ٹیم کراچی میں چلا رہی تھی۔

عمر شاہد نے کہکشاں نامی خاتون کی کال ریکارڈنگ بھی میڈیا کے سامنے پیش کی  جس میں خاتون ٹارگٹ کلر سے کام کے بدلے پیسوں کی بات کر رہی ہیں،کال ریکارڈنگ میں خاتون ٹارگٹ کلر سے ٹارگٹ کے حوالے سے گفتگو کر رہی ہیں۔

کال ریکارڈنگ میں کہکشاں کی جانب سے ٹارگٹ کو سر پر گولی مارنے کی ہدایت دی گئی،ٹارگٹ کلر کو موٹرسائیکل کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی، منہ اور گردن پر ٹارگٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

عمر شاہد نے کہا کہ ٹیرر فناسنگ کے حوالے سے اب مضبوط شواہد ملے ہیں،اب ان کے خلاف قانونی کارروائی نتیجہ خیز ثابت ہوسکتی ہے،ہمیں اس بار بینکنگ ٹرانسیکشن کے حوالے سے بھی شواہد ملے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں