سینیٹ الیکشن ، علی حیدر گیلانی کی ویڈیو بنانے والے کردار کا نام سامنے آگیا

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے صحابزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی اب اس ویڈیو کو بنانے والے کردار کا نام بھی سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے بتایا کہ علی حیدر گیلانی کی ویڈیو پی ٹی آئی کے ایک ایم این اے فہیم خان نے بنائی اور اس اسٹنگ آپریشن پر وزیراعظم عمران خان نے ان کی تعریف بھی کی۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویڈیو بنانا اسٹنگ آپریشن کا حصہ تھا اس کے لیے ویڈیو میں شامل کسی بھی رکن نے پیسے نہیں لیے تاہم اگر کسی نے بھی پیسے لیے ہیں تو اس کو لازمی سخت سزا ملنی چاہیئے۔
بتایا گیا ہے کہ ویڈیو میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطااللہ ، اسلم خان ، جمیل احمد اور فہیم خان شامل تھے ،و زیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کی پارٹی کے لیے خدمات کی تعریف کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ نے بدعنوان عناصرکو بےنقاب کیا ، لوگوں کو ایکسپوزکرنےکا عمل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی نشست ہارنے کی بڑی وجہ بھی پیسے کا استعمال ہے کیوں کہ لوگ ہر چیز کو پیسے سے تولتے ہیں۔
یاد رہے کہ سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہیں مبینہ طور پر حکومتی ایم این اے کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ کار بتاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اس ویڈیو نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے چہ مگوئیوں کو مزید ہوا دی۔ علی حیدر گیلانی کی اس ویڈیو پر حکومتی رہنماو ¿ں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ علی حیدر گیلانی کے خلاف کارروائی کی جائے جس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹس بھی لیا۔ تاہم اب علی حیدر گیلانی کی ویڈیو میں موجود کردار بھی سامنے آ گئے ہیں جن کے مطابق یہ ایک اسٹنگ آپریشن تھا جس پر پارٹی کا بیانیہ جلد آنے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں