جیف بیزوس کی سابقہ بیوی اور دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون نے دوسری شادی کر لی

نیویارک (این این آئی )دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ایمازون کے سابق سی ای او جیف بیزوس کی سابقہ اہلیہ اور ارب پتی خاتون مکینزی اسکاٹ نے دوبارہ شادی کر لی۔امریکی میڈیا کے مطابق مکینزی اسکاٹ نے امریکی شہر سیٹل سے تعلق رکھنے والے ٹیچر ڈین جیوٹ کے ساتھ شادی کر لی ہے۔ڈین جیوٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا میں جتنے لوگوں کو جانتا ہوں ان میں سب سے بے لوث خاتون سے شادی کر رہا ہوں اور بڑا سرمایہ دوسروں پر خرچ کرنے کے عزم کے لیے ان کے ساتھ شامل ہو رہا

ہوں۔مکینزی اسکاٹ نے اتوار کے روز ڈینجیوٹ سے شادی کی اور وہ سیٹل میں اپنے چار بچوں اور شوہر کے ہمراہ رہ رہی ہیں۔خیال رہے کہ مکینزی اسکاٹ نے 2019 میں 25 سال ساتھ رہنے کے بعد ایمازون کے سی ای او جیف بیزوس سے علیحدگی اختیار کی تھی اور معاہدے کے نتیجے میں مکینزی اسکاٹ کو 38 ارب ڈالر دیے تھے جس کے باعث وہ دنیا کی امیر ترین خواتین کی فہرست میں شامل ہو گئی تھیں۔ مکینزی اسکاٹ اس وقت 57 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون ہیں۔ انہوں نے گزشتہ برس دسمبر میں 384 تنظیموں میں 4.2 ارب ڈالر تقسیم کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں