مرغی کا گوشت 500 روپے کلو، بائیکاٹ چکن مہم زور پکڑ گئی

اسلام آباد،کراچی، لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیاہے ہر طرف من مانے نرخ وصول کئے جا رہے ہیں، کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت پانچ سو روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے، ملک بھر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافے پر مرغی کے گوشت کی بائیکاٹ مہم بھی شروع ہوگئی ہے، سوشل میڈیا پر بابر خان نامی صارف نے لکھا کہ مرغی کا بائیکاٹ کرکے مافیا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں، ارتضیٰ نامی صارف نے کہا کہ حکومت کے عہدیداروں اور وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کرتا

ہوں کہ وہ اے سی اور ڈی سی کو مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کریں، عباد خان نامی صارف نے لکھا کہ صرف تین دن تک مرغی نہ کھائیں، مرغی کی بجائے بڑا گوشت یا مچھلی کھائیں دونوں مرغی سے زیادہ صحت کے لئے اچھے ہیں، صرف تین دن تک بائیکاٹ کریں اور پھر دیکھیں کیا ہوتا ہے۔ ایک صارف نے کہاکہ ایک ہفتہ کا بائیکاٹ کریں، انہیں مرغیاں ضائع کرنا پڑ جائیں گی۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ناجائز منافع خوروں نے چکن کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی ہیں، آج سے دو ہفتے کے لئے چکن کا مکمل بائیکاٹ شروع کر رہا ہوں، آپ میں سے کون کون اس کمپین میں میرا ساتھ دے گا۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں برائلر مرغی اور اس کے گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافے دیکھنے میں آ رہا ہے، اسلام آباد میں برائلر مرغی کا گوشت 460روپے فروخت ہو رہا ہے جبکہ کراچی میں مرغی کا گوشت ساڑھے چار سو سے پانچ سو فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، برائلرمرغی کے گوشت کی قیمتوں کی اْونچی اْڑان، قیمتیں ریکارڈ پر ریکارڈ مرتب کرنے لگیں۔9روپے مزید اضافے کے بعد برائلر گوشت کی قیمت 364 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں