پنڈی ٹیسٹ: پاکستان نے 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئرکر دی، اظہر کی بھی سنچری

راولپنڈی: (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز نے قومی ٹیم نے 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

دوسرے روز کھیل کے آغاز سے قبل گزشتہ روز انتقال کرنے والے لیجنڈ لیگ اسپنر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آسٹریلین لیجنڈ شین وارن اور پشاور دھماکے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شین وارن کو خراج عقیدت پیش کیا اور پشاور دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعا کی۔

خیال رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے تھے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 44 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہیں نتھن لائن نے پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان نے دوسرے روز اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور اظہر نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم 313 کے مجموعی سکور پر لیفٹ ہینڈ بیٹر 157 رنز کی باری کھیل کر آؤٹ ہو گئے، کمنز نے وکٹ حاصل کی، اس دوران بابر اعظم اور اظہر علی نے رنز کو آگے بڑھایا دونوں کے درمیان 100 سے زائد رنزکی پارٹنر شپ بنی۔

کپتان 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے، اس دوران اظہر علی نے وکٹ کے چاروں طرف جارحانہ شارٹس کھیلے تاہم وہ بدقسمت ثابت ہوئے اور ڈبل سنچری نہ بنا سکے اور 185 رنز بنا کر لبوشین کی گیند پر گرین کو کیچ دے بیٹھے۔

476 رنز پر پہنچا تو قومی کپتان بابر اعظم نے اننگز ڈکلیئر کر دی، محمد رضوان 29 اور افتخار 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نیتھن لیون ، پیٹ کمنز اور لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلوی بیٹنگ:

پاکستان کی طرف سے اننگز ڈکلیئرکرنے کے بعد آسٹریلیا نے بیٹنگ شروع کی تو ایک اوور گزرا تھا کہ خراب لائٹ کے باعث میچ روک دیا گیا۔ جس کے بعد امپائرز کی طرف سے دوسرے دن کا کھیل ختم کر دیا گیا، اس وقت عثمان خواجہ 5 اور ڈیوڈ وارنر صفر پر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستانی سکواڈ:

پنڈی ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ شامل ہیں۔

آسٹریلوی سکواڈ:

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان پیٹر کمنز، عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، سٹیون سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، الیکس کیری، مچل سٹارک، ناتھن لائن اور جوش ہیزل وڈ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں