شاہین شاہ آفریدی کی منگنی کی خبر یں، قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر کے والد نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی منگنی کی خبر وں پرفاسٹ بولر کے والد ایاز خان کا دعویٰ سامنے آگیا۔ فاسٹ بولر کے والد نے کہا ہے کہ ہم نے شاہین آفریدی کیلئے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پررضامندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہدآفریدی کی بیٹی کے ساتھ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی۔ایازخان کا کہنا تھاکہ شاہدآفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔تاہم سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی طرف سے ابھی تک ان

خبروں پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے ۔ اس سے قبل پاکستان کے معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی بیٹی کی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی سے منگنی طے پا گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف معروف سپورٹس رپورٹر احتشام الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کیا انہوں نے کہاکہ دونوں خاندانوں کی باہمی رضا مندی کے بعد وہ شاہین شاہ آفریدی کی شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگنی طے پانے کی خبروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رشتہ طے پا گیا ہے اور دو سال بعد باضابطہ طور پر منگنی کی جائے گی جب سابق کرکٹر کی بیٹی اپنیتعلیم مکمل کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹوئٹ اس لئے کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں کا خاتمہ کیا جا سکے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں خاندانوں کی عزت کا خیال کیا جائے اور ان کی جانب سے باقاعدہ اعلان کا انتظار کیا جائے اور دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں