’’شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کی خبریں ‘‘ قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے واضح کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کی خبروں پر قومی ٹیم کے سابق آل رائونڈر و سابق کپتان لالا کے اہل خانہ نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں گزشتہ دو سال سے بات چیت چل رہی ہے۔شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے بتایا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں اس لیے منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا

کہنا ہے کہ دو سال میں منگنی اورشادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی منگنی کی خبر وں پرفاسٹ بولر کے والد ایاز خان کا دعویٰ سامنے آگیا۔ فاسٹ بولر کے والد نے کہا ہے کہ ہم نے شاہین آفریدی کیلئے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے اور ان کے خاندان نے رشتہ دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہدآفریدی کی بیٹی کے ساتھ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی۔ایازخان کا کہنا تھاکہ شاہدآفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقات ہیں۔تاہم سابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی طرف سے ابھی تک ان خبروں پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے ۔ اس سے قبل پاکستان کے معروف آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی بیٹی کی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی سے منگنی طے پا گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف معروف سپورٹس رپورٹر احتشام الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کیا انہوں نے کہاکہ دونوں خاندانوں کی باہمی رضا مندی کے بعد وہ شاہین شاہ آفریدی کی شاہد آفریدی کی بیٹی سے منگنی طے پانے کی خبروں کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رشتہ طے پا گیا ہے اور دو سال بعد باضابطہ طور پر منگنی کی جائے گی جب سابق کرکٹر کی بیٹی اپنیتعلیم مکمل کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹوئٹ اس لئے کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلی افواہوں کا خاتمہ کیا جا سکے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں خاندانوں کی عزت کا خیال کیا جائے اور ان کی جانب سے باقاعدہ اعلان کا انتظار کیا جائے اور دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں