قرض پروگرام کی بحالی،آئی ایم ایف کا اجلاس پھر ملتوی

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) پاکستان کے معاملے پر آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا 28 جنوری کو ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ یہ اجلاس اب 2 فروری کوہوگا۔
آئی ایم ایف کے مطابق یہ اجلاس پاکستان کی درخواست پر ملتوی کیا گیا۔اس اجلاس میں چھٹےمعاشی جائزے کی منظوری متوقع تھی۔
آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ اجلاس اسٹیٹ بینک ترمیمی بل بروقت پاس نہ ہونےکےباعث ملتوی کیاگیا اوراب 2 فروری کو بورڈ اجلاس میں پاکستان کے چھٹے جائزہ مشن رپورٹ پرغور کیا جائے گا جس میں آئی ایم ایف بورڈ قرض پروگرام کی بحالی کيلیےشرائط پرعمل درآمدکاجائزہ لےگا۔
آئی ایم ایف بورڈ شرائط پر عمل درآمد نہ کرنےپرچھوٹ کی درخواست کا جائزہ لے گا جس کے بعد پاکستان کو1ارب ڈالر قرض کی اگلی قسط جاری کرنےسےمتعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل آئی ایم ایف کا اجلاس 12 جنوری کو ہونا تھا جو منی بجٹ منظور نہ ہونے کے باعث 28 جنوری تک ملتوی کردیا گیا تھا۔
آئی ایم کی شرائط
پاکستان قرض پروگرام کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کی پیشگی شرائط تقریبا پوری کر چکا ہے اور منی بجٹ کے ذریعے 343 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ واپس لےلی گئی ہے۔
قومی اسمبلی فنانس ترمیمی ایکٹ 2021 کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے جبکہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021 بھی سینیٹ میں منظوری کے عمل میں ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی میں بھی ماہانہ 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف کو ترقیاتی اخرجات میں کٹوتی، ٹیکس اصلاحات اور سرکاری اداروں کی تنظیم نو کی یقین دیہانی بھی کرائی جا چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں