سندھ حکومت ماہی گیروں کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(نیوز ڈیسک) سید مراد علی شاہ نے کیٹی بندر میں ماہی گیروں کی کشتیاں گم ہونے کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر حیدرآباد اور فشریز ڈپارٹمنٹ کو ماہی گیروں کی مدد کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایڈمنسٹریٹر اور پولیس مل کر ماہی گیروں کو تلاش کر کے واپس لے آئیں، ٹھٹھہ اور بدین کے سمندری علاقے میں چھوٹے بڑے جزائر ہیں، 36 لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں نے کہیں پناہ لی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں کی تلاش کے لیے اگر پاک نیوی سے مدد درکار ہوتو فوری لی جائے، لاپتہ ہونے والے ماہی گیروں کے خاندان اطمینان رکھیں، سندھ حکومت ماہی گیروں کو ڈھونڈنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر حیدرآباد سے کہا کہ جب تیز ہوائوں اور بارشوں کی پیشن گوئی تھی تو ماہی گیر سمندر میں کیسے گئے؟ کشتیوں کو سمندر میں جانے کی کس نے اجازت دی، رپورٹ دی جائے۔
واضح رہے کہ کیٹی بندر کے قریب کھلے سمندر حجامرو کریک میں ماہی گیروں کی کشتی الٹ گئی کشتی میں 16 ماہی گیر سوار تھے، کشتی تیز ہواؤں کے باعث الٹی جس کے نتیجے میں 11 ماہی گیر لاپتہ ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 5 ماہی گیر اپنی مدد آپ کے تحت تیر کے کنارے پر پہنچ گئے جبکہ 11 ماہی گیر تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کنارے پر اپنی آپ تیر کر آنے والے ماہی گیروں کی شناخت ظہير محمد پٹاڻ، عثمان ملاح ، ہارون چنه، خميسو ملاح اور صديق ملاح شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں