سعودی عسکری اتحاد کا یمن کی جیل پر حملہ، 70 افراد ہلاک

حوثی باغیوں کے خلاف یمن کی سرکاری حکومت کی مدد کرنے والے عسکری اتحاد کی ایک جیل پر بمباری سے 70 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی ویب سائیٹس نے حوثی باغیوں اور ڈاکٹروں کی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں اتحادی افواج کے طیاروں نے شمالی یمن میں واقع شہر صعدہ کی ایک جیل پر بمباری کی ہے۔
حوثی باغیوں کے مقرر کردہ وزیر صحت طہٰ المتوکل نے کہا ہے کہ بمباری کے نتیجے میں جیل میں موجود 70 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ درجنوں زخمی ہیں۔

طہٰ المتوکل نے کہا ہے کہ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ہے۔
ایم ایس ایف کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے اس بمباری میں 70 افراد ہلاک جب کہ 138 زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے زیر قیادت اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ جیل پر حملے کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹس کی چھان بین کی جارہی ہے۔ مکمل تحقیق کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی بات کرنا ممکن ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے واقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تمام فریقین کو یہ یاد دلاتے ہیں بے گناہ شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی میں شمار ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ حوثی باغیوں نے گزشتہ رات یمن کے جنوب میں واقع ساحلی شہر حدیدہ کی ایک وڈیو بھی جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی قیادت میں عسکری اتحاد نے ایک ٹیلی کمیونیکیشن مرکز پر فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بھی کئی افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز اتحادی افواج نے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط پر بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
سعودی عرب کے زیر قیادت افواج کے ترجمان نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ میزائل حملہ صعدہ سے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پر کئے گئے حملوں کے بعد سعودی زیرقیادت فوجی اتحاد نے اپنی کارروائیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں