”نفری دُگنی کر دیں تو بھی جرائم پر قابو نہیں پایا جا سکتا”

کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے ہاتھ کھڑے کردیے

کراچی (نیوز ڈیسک) : کراچی میں گذشتہ کچھ عرصہ سے جرائم کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے لیکن پولیس اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات کرنے میں ناکام ہی رہی ہے جس سے جرائم پیشہ افراد کی نہ صرف حوصلہ افزائی ہوئی بلکہ شہریوں کی مشکلات میں بھی مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل جیوز نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کراچی پولیس چیف نے بھی بے بسی کا اظہار کیا۔
کراچی پولیس چیف عمران یعقوب منہاس نے شہر قائد میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے متعلق گفتگو کی۔ عمران یعقوب منہاس کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس کی نفری دُگنی بھی کر دیں تو بھی جرائم پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ان مسائل کا حل اب ٹیکنالوجی کے استعمال میں ہے۔

شہر کو ڈیڑھ سے دو لاکھ کیمروں کی ضرورت ہے۔

جب تک شہر میں ہر جگہ کیمرے نہیں لگیں گے اس وقت تک جرائم کی شرح پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ کراچی پولیس چیف نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بےروزگاری جرائم کی شرح میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہر قائد میں چند روز سے ڈاکوؤں کا راج جاری ہے، جمعرات کو آدھے گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں نے بچے سمیت 4 شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا تھا جبکہ جمالی پل پر پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر سکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا گیا تھا۔
دوسری واردات سپر ہائی وے براق پمپ کے قریب کی گئی جہاں ڈکیتی کے دوران ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے 30 سالہ فیضان احمد نامی شہری کو زخمی کیا اور فرار ہوگئے۔ تیسری واردات بفر زون سیکٹر 15 اے 2 میں ہوئی جہاں ڈاکوؤں نے حسینی شیر مال کے قریب شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کیا اور لوٹ کر فرار ہوگئے۔ جبکہ چوتھی واردات زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی سیکٹر 50 بی میں غوث پاک روڈ پر ہوئی جس میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ بچہ کاشان ولد سلطان زخمی ہو گیا۔ حال ہی میں کراچی کے رہائشی نوجوان شاہ رخ کو بھی مزاحمت پر گلے میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، مقتول کی واردات سے دو روز قبل شادی ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں