سپلیمنٹری فنانس بل میں اٹھائے گئے اقدامات صنعت و تجارت کی مشکلات بڑھائیں گے‘ نعمان کبیر

فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے خام مال پر سیلز ٹیکس کا نفاذ فارماسیوٹیکل سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ بنے گا ‘صدرلاہورچیمبر

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے ایک مرتبہ پھر سپلیمنٹری فنانس بل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولر پینلز پر سیلز ٹیکس چھوٹ واپس لینے، اشیائے خورد و نوش پر ٹیکس، گرین ہاس فارمنگ کے لیے استعمال ہونے والے آلات ، انجینئرنگ سیکٹر اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کے خام مال سمیت دیگر شعبوں پر ٹیکسیشن سے کاروباری شعبہ اور معیشت کی مشکلات بڑھیں گی لہذا ایسے اقدامات نہ اٹھائے جائیں۔
سٹیک ہولڈرز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ یہ قدم ایک ایسے وقت اٹھایا گیا ہے جب صنعت و تجارت کو پہلے ہی مشکلات کا سامنا اور حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے توانائی کے متبادل ذرائع کی حوصلہ شکنی ہوگی، مہنگائی بڑھے گی، گرین ہائوس فارمنگ کو دھچکا لگے گا ، انجینئرنگ سیکٹر کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہوگی اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کی نشوونما رکے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشینری، فارماسیوٹیکل اور امپورٹڈ فوڈ آئٹمز سمیت 150اشیاپر سترہ فیصد سیلز ٹیکس لگایا جارہا ہے، درآمدی پلانٹ اور مشینری پر سترہ فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے صنعتی شعبے بالخصوص ایس ایم ایز کے لیے تکنیکی اپ گریڈیشن مشکل ہوجائے گی اور صنعتی شعبے کی مسابقت کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوگی۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ہائی ٹیک سیکٹرز کی کارکردگی بھی متاثر ہوگی، ایک طرف تو حکومت نے مقامی سطح پر موبائل فون کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی متعارف کرائی ہے تو دوسری طرف اس مقصد کے لیے ضروری مشینری کی درآمد پر سیلز ٹیکس عائد کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری صنعت خام مال کی درآمد پر بہت انحصار کرتی ہے کیونکہ وہ مقامی سطح پر دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری کے خام مال پر سیلز ٹیکس کا نفاذ فارماسیوٹیکل سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ بنے گا جو پچھلے دو سالوں سے اچھی کارکردگی دکھا رہا ہے، اب اس شعبہ کی برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ درآمدکشدہ پگھلنے کی صلاحیت رکھنے والے سکریپ پر سیلز ٹیکس سے انجینئرنگ سیکٹر کی کارکردگی متاثر ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں