بلاول بھٹو شہباز شریف ملاقات: منی بجٹ پر حکومت کے خلاف مل کر جدوجہد کا اعادہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی پیپلز پارٹی کے چیئر مین سے ملاقات ہوئی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد ایوان میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں حکومت کےخلاف احتجاجی تحریک اور ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں منی بجٹ پر حکومت کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کا بھی اعادہ کیا۔

دونوں راہنماؤں نے حکومت مخالف تحاریک پر چند دنوں میں وفود کے ہمراہ تفصیلی ملاقات کرنےکا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے بعد بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر سے پارلیمنٹ لاجز میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
شیخ روحیل اصغر کی جانب سے دیے جانے والے عشائیے میں چیئرمین بلاول بھٹو کے علاوہ پیپلز پارٹی کے نور عالم اور خورشید شاہ کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ایاز صادق اور پی ڈی ایم کے محسن داوڑ بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نیب کے ادارے کو پیپلز پارٹی نے کالہ قانون قرار دیا ہے، جتنے پیسے ریکور کرنے کا دعویٰ نیب نے کیا ہے اتنے پیسے تو خزانے کے ریکارڈ میں بھی موجود نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلے دن سے پارلیمان کو اہمیت نہیں دی، تمام سانحوں میں وزیراعظم خود ایوان میں موجود نہیں تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں تعینات رہنے والے افسران اور چیئرمین نیب کو اپنے اثاثے قوم کے سامنے رکھنے چاہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کے لیے پیغام ہے کہ گھبرانے کا وقت شروع ہو چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں