مستقبل میں سانحات سے بچانے کے لیے ٹریول ایڈوائزری، موسمی انتباہ اور انفراسٹرکچر میں بہتری ناگزیر ہے‘ لاہور چیمبر

حکومت سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے مگر مری کے سانحہ نے ان کو بری طرح دھچکا لگایا ہے‘عہدیداران

لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مستقبل میں مری جیسے سانحات سے بچنے، اربوں ڈالر کی سیاحت کی صنعت کے تحفظ اور انسانی جانوں کا ضیاع روکنے کے لیے ٹریول ایڈوائزری، ویدر الرٹ اور انفراسٹرکچر کی فوری بہتری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے انکوائری کا حکم دینا خوش آئند مگر ذمہ داروں کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے کیونکہ یہ نہ صرف قیمتی انسانی جانوں بلکہ اربوں ڈالر کی سیاحت کی صنعت کے مفادات کا بھی معاملہ ہے۔
انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ نے انتظامی کمزوریوں کو عیاں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاحت کی صنعت کا حجم ایک ٹریلین ڈالر سے زائد ہے، پاکستان کی سیاحت کی صنعت بھی ملک کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کوششیں کررہی ہے مگر مری کے سانحہ نے ان کو بری طرح دھچکا لگایا ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ موجودہ صورتحال دوراندیشی، اجتماعی کوششوں اور بیرون ملک پاکستانی مشنز کے بہترین کردار کی متقاضی ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کا پراپیگنڈہ ناکام بنایا جاسکے۔ انفراسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات سے بچنے کے لیے ٹریول ایڈوائزری اور موسم کے متعلق انتباہ جیسے معاملات پر بطور خاص توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بھرپور آگاہی مہم چلائی اور ملک کے دیگر خوبصورت مقاما ت کے متعلق معلومات فراہم کی جائیں تاکہ ایک ہی مقام پر ہجوم اکٹھا نہ ہونے پائے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے پاک فوج اور ریسکیو ورکرز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے مدد فراہم کرکے لوگوں کی جانیں بچائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں