لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہو سکا

لاہور: (کامرس ڈیسک) بارشیں ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہوسکا، منڈی میں کاروبار کی مندی کے باعث پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے دام بڑھ گئے۔

بادامی باغ میں واقع لاہور کی سب سے بڑی فروٹ اور سبزی منڈی تقریبا 200 کنال پر محیط ہے۔ 1969 میں تعمیر ہونے والی اِس منڈی میں اوسطا ہر روز پھلوں اور سبزیوں سے لدے ہوئے لگ بھگ 200 کے قریب ٹرک اور ٹرالیاں آتی ہیں۔

اِس اہم ترین منڈی کی صورت حال یہ ہے کہ جیسے ہی چند بوندیں برس جائیں تو یہاں ہرطرف کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بارشوں کا حالیہ سلسلہ ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی یہاں انتہائی نا گفتہ بہ صورت حال دکھائی دے رہی ہے۔ کاروباری افراد کے لیے اپنا کاروبار کرنا بدستور مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن انتظامی طور پر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

منڈی کی اِس صورت حال کے اثرات پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں