لاہور(کامرس ڈیسک)چائے کے شوقین افراد کے لیے پتی کی قیمت میں اضافے کی بری خبر سامنے آگئی۔تفصیلات کے کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں چائے کی پتی کی قیمت میں 200 روپے فی کلو کا اضافہ ہوگیا ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد ایک کلو چائے کی پتی 980 روپے سے بڑھ کر 1180 روپے کی ہو گئی ہے۔چائے کی پتی کا 85 گرام کا پیک 120 روپے ، 190 گرام کا پیک 230 روپے اور 450 گرام کا پیک 550 روپے کا ہو گیا ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قیمت کی وجہ سے چائے کی پتی مہنگی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ بر صغیر میں انگریزوں کے دور میں مقبول ہونے والی چائے کا شمار پاکستانیوں کے پسندیدہ ترین مشروبات میں ہوتا ہے۔
چائے عام طور پر ناشتے میں، کام کی جگہ پر لنچ ٹائم میں اور عموماً شام کے وقت اکثر گھروں میں پی جاتی ہے۔اس کے علاوہ مہمانوں کی تواضع بھی زیادہ تر اسی مشروب سے کی جاتی ہے۔