ہم اب تک کسی انتخابات میں ای وی ایم کو ٹیسٹ نہیں کر سکے ہیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اچھا موقع ہے، وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپریل کے وسط میں منعقد ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، ہم اب تک کسی انتخابات میں ای وی ایم کو ٹیسٹ نہیں کر سکے ہیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اچھا موقع ہے ، کوشش ہے اگلے ہفتے تک کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کو مہیا کر دیں،الیکشن کمیشن کے عملے کو اگلے ہفتے مشینوں کے استعمال کی تربیت بھی دیں گے، اپوزیشن بھی ای وی ایم سے متعلق اپنا تعاون اور رائے دے،ہم حزب اختلاف کے تحفطات و خدشات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے ای وی ایم سے متعلق بدگمانیاں اور خدشات تھے مگر اب ای وی ایم اگلے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں، اب ای وی ایم کا استعمال ایک حقیقت بننے جارہا ہے ، ای وی ایم کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین سے ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوںنے کہاکہ ہم اب تک کسی انتخابات میں ای وی ایم کو ٹیسٹ نہیں کر سکے ہیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات اچھا موقع ہے کہ اب ہم ای وی ایم کو عملی طور پر پرکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اگلے ہفتے تک کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کو مہیا کر دیں تاکہ وہ ان مشینوں کا جائزہ لے سکے، جبکہ الیکشن کمیشن کے عملے کو اگلے ہفتے مشینوں کے استعمال کی تربیت بھی دیں گے۔وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کی بحث اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، اب انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے، ای وی ایم کے لیے قانون سازی ہو چکی ہے، اپوزیشن کو چاہیے کہ ای وی ایم سے متعلق اپنا تعاون اور رائے دے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کو تحفظات ہیں تو ان کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کے لیے تیار ہیں، اگر اپوزیشن سمجھتی ہے کہ ای وی ایم کے استعمال میں کچھ مسائل ہیں تو ان مسائل کی نشاندہی کرے، ہم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوفزہ ہے، شاید اپوزیشن کو دھاندلی نہ ہونے سے خوف ہے، اگر ایسا نہیں ہے اور اپوزیشن بھی شفاف انتخابات کے لیے سنجیدہ ہے تو ای وی ایم سے متعلق اپنے خدشات حقائق کی بنیاد پر ہمارے سامنے رکھے، ہم حزب اختلاف کے تحفطات و خدشات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوںنے کہاکہ ہمارا مقصد انتخابات کے عمل کو بہتر اور شفاف کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ الیکشن کا نظام شفاف ہو، انتخابات کا ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں ہارنے والا دھاندلی کا رونا نہ رو سکے بلکہ نتائج کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرے۔انہوں نے کہا کہ حکومت، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی، دیگر تمام ضروری ذرائع اور وسائل مہیا کریگی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے ، کمیشن کسی بھی متعلقہ محکمے سے اس سلسلے میں مدد بھی طلب کر سکتا ہے، اب شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے، جمہوری نظام میں ووٹ کی بہت اہمیت ہے، ہر شخص کے ووٹ کی اہمیت ہے، کسی ایک شخص کا بھی ووٹ ضائع ہونا بدقسمتی ہے، گزشتہ انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد کامیاب امیدواروں کے حاصل ووٹوں کے تناسب سے زیادہ تھی، حکومت لوگوں کے ووٹ کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی ای وی ایم کو استعمال کیا جائے جبکہ ملک میں عام انتخابات میں استعمال کے لیے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کے لیے ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔
انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن حقیقت بننے والا ہے، بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال ضرور ہوگا، بلدیاتی انتخابات پنجاب میں بھی آنے والے ہیں، پنجاب حکومت اور چیف سیکریٹری کو ایڈوائس دی ہے کہ ای وی ایم کیلئے انتظامی امور ترتیب دیں۔شبلی فراز نے کہا کہ امید ہے پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہوگا۔