آگ کی ابتدا کیمپ نمبر16سے ہوئی جو بانس اور ترپال سے بنی پناہ گاہوں میں بہت تیزی سے پھیل گئی،پولیس افسر
ڈھاکہ(انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلہ دیش میں پولیس حکام نے کہاہے کہ ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں پناہ گزین کیمپوں میں آگ لگنے سے روہنگیا مہاجرین کے سینکڑوں گھر جل کر خاک ہو گئے، جس کی وجہ سے پانچ ہزار سے بھی زیادہ پناہ گزین بے گھر ہو کر رہ گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا۔
پناہ گزین کیمپوں کی نگرانی کے ذمہ دار ایک پولیس افسر کامران حسین کا کہنا تھاکہ آگ کے سبب تقریبا 1200 گھر جل کر خاک ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کی ابتدا کیمپ نمبر 16 سے ہوئی اور بانس اور ترپال سے بنی پناہ گاہوں میں بہت تیزی سے پھیل گئی، جس سے 5000 سے بھی زائد افراد بے گھر ہو گئے۔انہوں نے بات چیت میں کہا کہ آگ بجھانے میں دو گھنٹے سے بھی زیادہ وقت لگا۔ پناہ گزینوں سے متعلق امور کے نگراں افسر محمد شمس الضحی کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو پا یا ہے کہ آخر آگ لگنے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے۔