لاس اینجلس (شوبز ڈیسک) امریکا نے مسز ورلڈ کے مقابلے میں شرکت کرنے والی برطانوی ماڈل لین کلائیو کو مبینہ طور پر ملک شام میں پیدا ہونیکی وجہ سے ویزا دینے سے انکار کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایسٹ یارکشائر سے تعلق رکھنے والی 29 سالہ لین کلائیو امریکا میں ہونے والے مسز ورلڈ کے فائنل مقابلے میں برطانیہ کی نمائندگی کرنے والی تھیں لیکن انہیں امریکا کی جانب سے ویزا دینے سے انکار کردیا گیا ہے۔
ماڈل لین کلائیو کا کہنا ہے کہ میرے شوہر اور میری بیٹی کو امریکا کی جانب سے ویزا دیا گیا لیکن مجھے اس لئے انکار کر دیا گیا کیونکہ میں ملک شام میں پیدا ہوئی۔لین کلائیو نے کہا کہ میں برطانوی شہری ہوں ، میں اس مقابلے میں برطانیہ کی ہی نمائندگی کررہی ہوں لیکن اندازہ نہیں تھا کہ مجھے امریکا کا ویزا نہیں ملے گا۔
برطانوی ماڈل نے امریکی سفارتخانے سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں مقابلے میں شرکت کیلئے وقت پر ویزا فراہم کرے۔
دوسری جانب ایک بیان میں امریکی حکام کاکہنا ہے کہ ویزا ریکارڈ امریکی قانون کے تحت خفیہ ہے، اس لئے ہم انفرادی ویزا کیسز کی تفصیلات پر بات نہیں کر سکتے۔اس کے علاوہ اپنی ویب سائٹ پر امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان جو ان ممالک کے شہری ہیں جہاں ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی ہوتی ہے ، ان کا انٹرویو قونصلر افسر سے ہونا چاہیے۔