بھارت سے اڑان بھرنے والے طیارے کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ

اسلام آباد (آن لائن) بھارت سے اڑان بھرنے والے طیارے کی اسلام آباد ائیرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ، کولکتہ سے اڑنے والا طیارہ آزربائیجان کے شہر باکو جا رہا تھا، ری فیولنگ کیلئے پاکستان میں لینڈنگ کی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پیر کے روز بھارت سے آذربائیجان جانے والی ایئر ایمبولینس نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ
کی۔ بتایا گیا ہے کہ ایئرایمبولینس نے بھارت کے شہر کولکتہ سے اڑان بھری اورآذربائیجان جا رہی تھی۔ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد طیارے ک کپتان نے ایئرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ کنٹرول ٹاور کی جانب

سے اجازت دینے پر طیارے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کی۔ بتایا گیا ہے کہ کولکتہ سے اڑان بھرنے والی ایئر ایمبولینس اسلام آباد ائیرپورٹ پر ری فیولنگ کے بعد باکو کے لیے دوبارہ روانہ ہو گئی۔یہاں واضح رہے کہ 2 سال سے جاری کشیدہ حالات کی وجہ سے پاکستان اور بھارت کے درمیان پروازوں کی آمد و رفت بند ہیں۔ تاہم کچھ مواقعوں پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے طیاروں کو اپنی ائیر اسپیس کے استعمال کی اجازت دی۔ جبکہ کچھ مواقعوں پر بھارت سے اڑان بھرنے والے طیاروں کو ایمرجنسی کی صورت میں پاکستان میں لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ سال نومبر میں بھارت کی ایک نجی ائیرلائن کے طیارے نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی تھی۔ بتایا گیا کہ خلیجی ملک سعودی عرب کے شہر ریاض سے نئی دہلی جانے والے گوا ائیر کے مسافر طیارے میں دوران پرواز ایک مسافر کو دل کا دورہ پڑا۔ مسافر کی حالت بگڑنے کی وجہ سے دوران پرواز طیارے کو کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسافر طیارے کے پائلٹس نے اس صورتحال میں فوری کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور اجازت ملنے پر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کروایا گیا۔ طیارے کی لینڈنگ کے بعد مسافر کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مسافر کا انتقال ہو چکا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں