پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ٹیم پشاور زلمی نے ایک اور منفرد انداز اپنا کر شائقین کا دل جیت لیا۔
پشاور(سپورٹس ڈیسک) پشاور زلمی اور ریڈبل پاکستان کے درمیان پی ایس ایل کی شراکت داری کے بعد اس کا آغاز منفرد اور دلکش انداز میں کیا گیا۔
ریڈ بل ایتھیلیٹ فریڈ فوگن نے پاکستان آ کر اسکائی ڈائیونگ کے ذریعے فضا میں پشاور زلمی کا جھنڈا لہرایا۔
دونوں کے مابین ٹیلنٹ پارٹنر کے طور معاہدہ ہوا ہے۔ ریڈ بل پاکستان اور پشاور زلمی باہمی اشتراک سے پاکستان کے قومی سطح کے مخلتف کھیلوں کے فروغٖ کے لئے کام کریں گے۔
اس سلسلے میں 10 ویں ریڈبل کیمپس کرکٹ کے زیر اہتمام پشاور زلمی کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے بہترین کھلاڑیوں کو پشاور زلمی تجرباتی طور پر اپنی فرنچائز میں کھلائے گی۔
پشاور زلمی کے چئیرمین جاوید آفریدی نے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اب مزید منفرد کام کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔
جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سیون میں پشاور زلمی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔