سڈنی: (سپورٹس ڈیسک) سابق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن کی نئی ڈاکیو مینٹری میں کئے گئے سنسنی خیز انکشافات نے ایک بار پھر پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
شین وارن نے سابق پاکستانی کپتان سلیم ملک پر فکسنگ کے الزامات دہرا دئیے ، شین وارن نے انکشاف کیا کہ سلیم ملک نے 1994میں کراچی ٹیسٹ ہارنے کیلئے فکسنگ کی آفر کی، جس کے لئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سلیم ملک نے مجھ سے رابطہ کیا اور ہارنے کی صورت میں مجھے اور ساتھی کھلاڑی ٹم مے کو 2، 2 لاکھ ڈالرز کی پیشکش کی گئی۔
سلیم ملک نے کہا کہ آپ اور ٹم مے میچ کے آخری روز سٹمپ کے باہر باؤلنگ کرینگے اور وکٹ لینے کی کوشش نہیں کرینگے۔ شین وارن کے مطابق سلیم ملک نے کہا آپ نہیں جانتے ہیں کہ پاکستان میں ہارنے کا مطلب کیا ہے ؟ سلیم ملک کہہ رہے تھے کہ ہار کی صورت میں ہمارے گھر جلا دئیے جائیں گے۔ شین واران نے بتایا کہ میں حیران ہوا اس وقت سمجھ نہیں آیا کیاجواب دوں ؟ بعد میں میں نے پیشکش مسترد کر دی۔