ریسکیو آپریشن کے لیے آرمی ہیلی کاپٹرز کا استعمال، سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ٹینٹ ،کھانے پینے کی اشیا فراہم کیں۔
گوادر (نیوز ڈیسک) : بلوچستان کے معاشی حب گوادر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی ابتر صورت حال پر پاکستان آرمی مقامی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی ۔ تفصیلات کے مطابق پسنی میں بارشوں سے نقصان کا تخمینہ لگانے اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے پاکستان آرمی اور پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیموں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن کے لئے آرمی ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جارہا ہے، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے متاثرین میں جلد از جلد بنیادی ضروریات کو فراہم کرنا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ہمراہ پاک فوج بھی شہریوں کی مدد کے لیے میدان میں اُتر گئئی۔ پاک فوج کی جانب سے پسنی ، گوادر کے نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ٹینٹ ،کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقہ ضلع کیچ میں سیلابی بارشیں تباہی مچانے کے بعد تھم گئیں، لیکن معمولات زندگی بحال نہیں ہو سکی۔
طوفانی بارشوں نے کیچ کے متعد دعلاقوں کو شدید متاثر کیا، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی ریلا سڑکوں کو بھی بہا لے گیا۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں طوفانی بارشوں کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اہم اقدامات کرتے ہوئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ چھ جنوری تک تمام فضائی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی انتظامیہ نے نوٹم جاری کیا۔
اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ موسم بہتر ہوا تو گوادر ایئرپورٹ جمعرات کی سہ پہر تک کھول دیا جائے گا۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق گوادر ایئرپورٹ پر بارشوں سے جمع پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے اور ایئرپورٹ کی بحالی پر تیزی سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق گوادر ایئرپورٹ کا ایپرن اور ٹیکسی وے مکمل طور پر زیر آب آگیا جبکہ رن وے 06/24 پر آدھا فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔